وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان کے معروف برآمد کنندگان کی ملاقات

October 22, 2020

وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان کے معروف برآمد کنندگان کی ملاقات  

 

ملاقات میں وفاقی وزراء   محمد حماد اظہر، سید  علی زیدی، فیصل واوڈا، مشیران عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، گورنر سندھ عمران اسمعیل، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر، چیرمین ایف بی ار، چیئرمین ای او بی آئی اور سینئیر افسران شریک۔ 

 

وفد میں  اووسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس، پاکستان بزنس کونسل، آٹو موبیلز سیکٹر، ٹینرز ایسوسی ایشن، ہوزری، فشریز، گارمنٹس، فارماسوٹیکل انڈسٹری، اسٹیل، ٹیکسٹائل  و دیگر صنعتوں سے وابستہ ممتاز کاروباری شخصیات شریک تھیں۔

 

وفد نے برآمدات میں اضافے کے حوالے سے حکومتی پالیسی اور اقدامات پر وزیر اعظم اور ان کی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ 

 

وفد نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوا  ہے جس کے نتیجے میں معاشی عمل میں تیزی آئی ہے۔ اس حوالے سے وفد نے برآمدات میں خاطر خواہ اضافے، ایکسپورٹ آرڈرز، اندرونی طور پر سیمنٹ، اسٹیل ، آٹو موبیلز کی فروخت میں خاطر خواہ اضافے کا ذکر کیا۔ 

 

وفد ممبران نے ایکسپورٹ میں اضافے اور ملکی استعداد کو برؤے کار لانے کے حوالے سے مختلف تجاویز وزیرِ اعظم کو پیش کیں۔ 

 

وزیرِ اعظم عمران خان نے ایکسپورٹرز کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کی بدولت نہ صرف ملک میں معاشی عمل تیز ہوگا، نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ اس سے دولت کی پیداوار ممکن ہوگی جس سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔ وزیرِ اعظم نے برآمدکندگان اور صنعت کاروں کو یقین دلایا کہ ان کی جانب سے پیش کی جانے والی ہر قابل عمل تجویز پر غور کیا جائے گا تاکہ کاروباری برادری کے لئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔