وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت   کرونا وائرس کی وجہ سے ملکی معیشت پر پڑنے والے ممکنہ اثرات سے بچاؤ کے حوالے سے پیشگی حفاظتی اقدامات  اٹھانے کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس  

March 16, 2020

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت   کرونا وائرس کی وجہ سے ملکی معیشت پر پڑنے والے ممکنہ اثرات سے بچاؤ کے حوالے سے پیشگی حفاظتی اقدامات  اٹھانے کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس  

 

اجلاس میں وزیر برائے  اقتصادی امور حماد اظہر، وزیرِ برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ،  مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد،  مشیر برائے اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،  وفاقی سیکریٹری صاحبان و دیگر سینئر افسران شریک

 

اجلاس میں کرونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات اور ان کے نتیجے میں ملکی معیشت کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال 

 

کرونا وائرس کے تناظر میں ملکی معیشت   پر روزانہ کی بنیاد پر نظر رکھنے اور پیشگی اقدامات تجویز کرنے کے لئے مشیر خزانہ کی سربراہی میں بین الوزارتی کمیٹی قائم

 

وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے منفی اثرات سے ملکی معیشت کو ممکنہ حد تک محفوظ رکھنا، معاشی سرگرمیوں  کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانا اور خصوصاً عام آدمی کے لئے روزگار کے تحفظ کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ  کسی بھی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر عام آدمی کو  ریلیف فراہم    کرنے کے حوالے سے جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی وافر دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیرِ اعظم نے زور دے کر کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور  ناجائزمنافع خوری  کی شکایت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسی شکایت کی صورت میں ذخیرہ اندوزوں کے  خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

 

وزیرِ اعظم نے وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کو ہدایت کی کہ ورلڈ بنک و دیگر عالمی اداروں کو انگیج کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال کا مقابلہ کیا جا سکے۔