وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت   کرونا  کی روک تھام کے حوالے سے  اقدامات کرنے کی غرض سے قائم نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

March 16, 2020

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت   کرونا  کی روک تھام کے حوالے سے  اقدامات کرنے کی غرض سے قائم نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

 

اجلاس میں وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری، وزیر داخلہ برگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر اللہ مرزا،معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری و کمیٹی کے دیگر ممبران شریک

 

صوبائی وزرائے اعلیٰ و چیف سیکریٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک


 

اجلاس میں ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال اور اس وائرس کی روک تھام کے حوالے سے  نیشنل سیکورٹی کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں  کے نتیجے میں  اب تک کیے جانے والے اقدامات اوردرپیش چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے   آئندہ کے لائحہ عمل  پر تفصیلی تبادلہ خیال 

 

وزرائے اعلیٰ نے صوبائی سطح پر کرونا وائرس کی صورتحال اور اس کی روک تھام کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ 

 

وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  حکومت کو کرونا وائرس  کے مسئلے کی سنجیدگی کا مکمل ادراک ہے اور اس ضمن میں حکومتی سطح پر ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو اس مسئلے کی سنجیدگی کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے  اور  وائرس کی روک تھام کے حوالے سے شعور کو اجاگر کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ عوام کی جانب سے    از خود اور رضاکارانہ طور پر ممکنہ حفاظتی تدابیر اختیار کرنے سے وائرس کے مزید پھیلاؤ    کو موثر طریقے سے  روکا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اس حوالے سے وہ بہت جلد قوم سے خطاب کریں گے ۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر مشکل کا مقابلہ خندہ پیشانی  اور ثابت قدمی سے کیا ہے اور انشا اللہ کرونا وائرس کے خلاف بھی  قومی سطح پر مشترکہ کاوش سامنے آئے گی ۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کرونا سے ڈرنا نہیں بلکہ من الحیثت القوم اس مسئلے کا مقابلہ کرنا ہے۔