وزیرِ اعظم عمران خان سے برطانیہ میں مقیم سائنسدانوں کے وفد کی ملاقات

March 10, 2020

وزیرِ اعظم عمران خان سے برطانیہ میں مقیم سائنسدانوں کے وفد کی ملاقات

 

ملاقات میں وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی  چوہدری فواد احمد بھی موجود تھے۔ 

 

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ برطانیہ  کے مختلف  مایہ ناز تعلیمی  اورتحقیقاتی  اداروں  سے تعلق رکھنے   والے ستر سائنسدانوں کاوفد   پاکستان میں موجود ہے جو کہ ایگریکلچر نیوٹریشن، ہیلتھ کیئر اور بائیو ٹیکنالوجی  کے فروغ  کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ میں شرکت کر رہا ہے۔ اس ورکشاپ کا مقصد ان شعبہ جات میں جدیدعلوم ،  تجربات   اورمعلومات کا تبادلہ خیال ہے اور اس ضمن میں متعلقہ پاکستانی اور بین الاقوامی اداروں کے درمیان روابط اور پارٹنرشپ کا قیام ہے۔ 

 

وزیرِ اعظم نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود پوٹیشنل کو برؤے کار لانے کے لئے  ٹیکنالوجی اور جدید ریسرچ کا فروغ نہایت اہمیت  کا حامل ہے۔ وزیرِ اعظم نے برطانیہ میں  مختلف شعبوں میں اپنی قابلیت کا لوہا منوانے والے پاکستانی نژاد  کمیونٹی کا  ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جدید علوم اور خصوصاً ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے ایسے افراد کی قابلیت سے استفادہ  کرناملکی مفاد میں ہے۔ اس ضمن میں وزیرِ اعظم نے ریسرچ سے متعلقہ ملکی اداروں کے بین الاقوامی تحقیقاتی اداروں کے ساتھ گہرے روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان ان روابط کے فروغ کے لئے ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔