وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں کارفرما عوامل ، موجودہ طریقہ کار، اور اس حوالے سے  ایک منظم اور جامع حکمت عملی اختیار کرکے  قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے اجلاس

March 10, 2020

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں کارفرما عوامل ، موجودہ طریقہ کار، اور اس حوالے سے  ایک منظم اور جامع حکمت عملی اختیار کرکے  قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے اجلاس

 

اجلاس  میں  وزیر توانائی عمر ایوب، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر ، معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر و سینئر افسران شریک

 

وزیرِ اعظم کو پٹرولیم مصنوعات کی درآمد اور انکی قیمتوں پر کارفرما ہونے والے  مختلف عوامل  اور اخراجات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ۔ 

 

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد  کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کی جانب سے نہ تو مناسب حکمت عملی اختیار کی گئی اور نہ ہی  ترسیل اور دیگر متفرق اخراجات کو کم کرنے  کے حوالے سے کوئی مناسب اقدامات کیے گئے  جس کے نتیجے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور عوام پر اضافی بوجھ پڑتا رہا ہے۔  

 

وزیرِ اعظم نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  ماضی کی حکومتوں کی جانب سے انتظامی سطح پر برتی جانے والی اس مجرمانہ غفلت کی قیمت  عوام کے  ہر طبقے نے چکائی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے  ملکی  مجموعی ضروریات  کوپورا کرنے کے لئے وقتی اور قلیل مدتی انتظامات کو ترجیح دینا اور اس ضمن میں جامع منصوبہ بندی کا فقدان  دراصل  ماضی حکمرانوں کی   نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ 

 

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ملکی ضروریات  اور شرح نمو کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے  تمام متعلقہ  محکموں کی باہمی کوارڈینیشن سے جامع منصوبہ بندی  اور حکمت عملی  اختیار کی جائے تاکہ ترسیل و متفرق اخراجات     میں ممکنہ حد تک کمی لائی جا سکے اور عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔