وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت  بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی لانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس

February 24, 2020

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت  بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی لانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس

 

اجلاس میں وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیرِ برائے توانائی عمر ایوب، وزیربرائے بحری امور سید علی حیدر زیدی، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی ندیم بابر ، متعلقہ وفاقی سیکرٹری صاحبان و دیگر سینئر افسران شریک

 

اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی لانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ  توانائی  کا شعبہ ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ صارفین اور صنعتوں کو مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی، توانائی کے  شعبے میں اصلاحات اور اس میں ہونے والے نقصانات پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی جانب سے کیے جانے والے معاہدوں،  بر وقت انتظامی اصلاحات کو پس پشت ڈالے جانے  اور ترسیل و تقسیم کے شعبے میں ہونے والے نقصانات  کو نظر انداز کرنے سے  توانائی کے شعبے  میں   آج مختلف چیلنجز کا سامنا ہے اور اس کا سارا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت  ایک سے تین سو یونٹس تک  استعمال کرنے والے صارفین اور کمزور طبقے کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کر رہی ہے تاہم انہیں عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور حکومت کی یہ کوشش ہے  کہ بجلی کی قیمتوں میں ا ستحکام کو یقینی بنایا جائے اور جہاں تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔