وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں مواصلاتی روابط میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے اجلاس

March 31, 2021

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور،وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان محمد خالد خورشید و دیگر سینئر شرکاء موجود

 

شمالی علاقہ جات میں مواصلاتی روابط  اور  انٹرنیٹ کی سہولیات میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے مختلف منصوبوں اور متعلقہ امور پر غور

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کےلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی کے لئے تاریخی ترقیاتی پیکج کی منظوری دی جا چکی ہے جس سے علاقے میں تعمیرو ترقی کا نیا باب روشن ہوگا

 

وزیرِ اعظم نے کہا کہ  ماضی کے مقابلے میں موجودہ حکومت نے گلگت بلتستان میں  مواصلاتی روابط (کنیکٹیویٹی) کی بہتری کے حوالے سے خصوصی توجہ دی ہے۔  مواصلاتی روابط کے ضمن میں مختص فنڈز کی تعداد میں موجودہ دور میں ڈھائی سو گنا اضافہ اس عزم اور توجہ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیرِ اعظم نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ایس سی او اور پی ٹی اے کو ہدایت کی کہ گلگت میں مواصلاتی روابط کی بہتری کے حوالے سے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں وزیرِ اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے پوٹینشل اور علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لئے ضروری ہے کہ اس علاقے میں تھری جی اور فور جی سروسز کی دستیابی ہو تاکہ جہاں نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے  آن لائن تعلیم حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتیوں کو برؤے کار لانے میں مدد ملے وہاں سیاحت کے پوٹیشنل سے بھی استفادہ کیا جا سکے۔