آئندہ چند ماہ تک گیس کی قیمت میں اضافہ نہ کیا جائے: وزیر اعظم

March 12, 2021

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت آٹا ، چینی و دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس

اجلاس میں  وفاقی وزراء مخدوم خسرو بختیار، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، محمد حماد اظہر، سید فخر امام، عمر ایوب، اسد عمر ، معاونین خصوصی ندیم بابر، ڈاکٹر وقار مسعود، تابش گوہر، سابق وزیرخزانہ شوکت ترین، وفاقی سیکرٹری صاحبان و دیگر سینئر افسران شریک

اجلاس میں بنیادی اشیائے ضروریہ خصوصاً آٹے کی قیمت میں استحکام ، چینی کی موجودہ قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے اقدامات ، گیس اور پٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے معاملات پر غور

 حکومت کی جانب سے ٹارگیٹڈ سبسڈی سکیم متعارف کیے جانے تک آٹے کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جائے: وزیرِ اعظم کی حکومتی معاشی ٹیم کو ہدایت

غریب افراد کو آٹے کے حوالے سے براہ راست سبسڈی کی فراہمی کے لئے مفصل پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے جس کی بدولت آٹے کی خریداری کے حوالے سے معاشرے کے کمزور طبقوں کو حکومت کی جانب سے براہ راست سبسڈی فراہم کی جائے گی: وزیرِ اعظم

حکومتی سبسڈی کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقات کی مالی معاونت ہے تاکہ ان پر مہنگائی کا  بوجھ ممکنہ حد تک کم کیا  جا سکے: وزیرِ اعظم

آٹا بنیادی ضرورت ہے اس کی وافر  اور مناسب قیمت میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے: وزیرِ اعظم کی ہدایت

مستقبل  میں گندم کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتی و نجی شعبے کی جانب سے درآمد کے فیصلے بروقت لیے جانے کو یقینی بنایا جائے: وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم کو چینی کی قیمت میں کمی لانے کے حوالے سے مجوزہ اقدامات پر بریفنگ

اجلاس  کو بتایا گیا کہ ماہ رمضان کے لئے سات ارب روپے کے رمضان پیکج کی منظوری دی جا چکی ہے

معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے گیس کی قیمتوں کے حوالے سے بتایا کہ گیس کی قیمتوں میں یکم جولائی 2019 میں اضافہ کیا گیا تھا ۔ اوگرا کی جانب سے گیس قیمتوں میں چھ سے سات فیصد اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ چند ماہ تک گیس کی قیمت میں اضافہ نہ کیا جائے

وزیرِ اعظم کو بین الاقوامی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ

وزیرِ اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عام آدمی اور خصوصاً نچلے طبقے کو ہر ممکنہ ریلیف پہنچانے کی کوششیں مزید تیز کی جائیں۔