ترجمان وزیر اعظم آفس نے وزیر اعظم کی تنخواہ میں اضافے کی خبر کی سختی سے تردید

January 30, 2020

اسلام آباد: 30 جنوری 2020

 

ترجمان وزیر اعظم آفس نے وزیر اعظم کی تنخواہ میں اضافے کی خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب وزیر اعظم نہ صرف ہر ممکنہ طریقے سے حکومت کے اخراجات میں کمی لانے کی مہم چلا رہے ہیں اور جس کا آغاز انہوں نے اپنی ذات سے کیا ایسی بے بنیاد اور من گھڑت خبروں کی تشہیر نہایت افسوس ناک ہے

 

ترجمان نے کہا کہ  وزیر اعظم کی ہدایت پر کابینہ کے حالیہ اجلاس میں صدر اور وزیر اعظم کی تنخواہوں اور مراعات میں ترمیم کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ اب صدر اور وزیر اعظم کے لیے صرف ایک رہائشگاہ کو کیمپ آفس کا درجہ دیا جا سکے گا۔ کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم نے واضح ہدایت کی کہ ماضی کی روش کی بجائے کیمپ آفسز میں ہونے والے اخراجات کی بھی ایک حد مقرر کی جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ سربراہان حکومت پر اٹھنے والے اخراجات عوام کی خون پسینے کی کمائی سے پورے کیے جاتے ہیں لہذا کوشش کی جائے کہ یہ اخراجات کم سے کم ہوں۔