وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت  مختلف منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے اعلی سطحی جائزہ اجلاس۔

January 28, 2020

اسلام آباد: 28 جنوری 2020

 

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت  مختلف منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے اعلی سطحی جائزہ اجلاس۔

 

وزیر برائے اقتصادی امور محمد حماد اظہر، وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر،  مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی،  چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ ، چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام  لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدراور سینیئر افسران اجلاس میں شریک تھے۔ 

 

وزیراعظم کوپاک چین اقتصادی راہداری کے تحت  مرحلہ وار قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل مدتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

 

اجلاس کو سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائ، روڈ نیٹ ورک، ریل نیٹ ورک، گوادر پورٹ جبکہ دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون،  زراعت کے فروغ، سماجی و اقتصادی  ترقی،سیاحت اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

 

اجلاس کو بتایا گیا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائی اور سڑکوں کے بیشتر منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ گوادر بندرگاہ اور ایئر پورٹ پر کام مرحلہ وار طریقے سے جاری  ہے۔ اورنج لائن منصوبہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ کوئٹہ ریلوے کی فزیبلٹی کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔

 

صنعتی ترقی کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ علامہ اقبال اسپیشل اکنامک زون کا وزیراعظم نے حال ہی میں سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ، رشاکئی اسپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیاد فروری میں متوقع ہے جبکہ دھابیجی اکنامک زون کی بڈنگ کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔

سی پیک فیز ٹو کے تحت سماجی و معاشی ترقی کے ضمن میں  تعلیم، صحت، کم آمدنی والے افراد کے لئے ہاؤسنگ ،غربت کے خاتمے، احساس پاورٹی گریجوایشن پروگرام اور غذائ کمی و سٹنٹنگ کے خاتمے کے ضمن میں مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

 

وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے مشاورتی عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔

 

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ چین نے مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ ہمہ جہتی پاک چین تعلقات  کا مظہر ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ سماجی شعبوں خصوصاً غربت کے خاتمے اور زراعت جیسے شعبوں کے فروغ کے ضمن میں چین کے تجربے سے مکمل طور پر استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ 

 

وزیراعظم نے سی پیک اتھارٹی کو سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت مختلف منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کی رفتارکو تیز کرنے کے حوالے سے ہدایات دیں۔ 

 

وزیراعظم نے سی پیک کے دوسرے مرحلے میں سماجی و معاشی  ترقی کے  حوالے سے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پرحتمی شکل دینےاور انکی بر وقت تکمیل پر زور دیا اور اس ضمن میں تمام متعلقہ وزارتوں کو منصوبوں کی تکمیلی مدت کے اہداف متعین کرنے، بین الوزارتی کوارڈینیشن کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں ۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی سی پیک  فیز ٹوپر عملدرآمد کے حوالے سے آئندہ جائزہ اجلاس میں متعین  کردہ اہداف،منصوبوں پر عمل درآمد میں پیش آنے والی  رکاوٹوں کو دور کرنے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی جائے ۔