وزیر اعظم عمران خان کا گندم / آٹے سے متعلق حالیہ معاملے  کی اعلی سطح پر تحقیقات کا حکم ۔

January 22, 2020

وزیر اعظم عمران خان کا گندم / آٹے سے متعلق حالیہ معاملے  کی اعلی سطح پر تحقیقات کا حکم ۔

 

 گندم / آٹے سے متعلق حالیہ معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے     معاملے کی  اعلیٰ سطحی کمیٹی سے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر تشکیل دی جانے والی کمیٹی  ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، انٹیلی جنس بیور کے گریڈ اکیس یا بیس  کے افسر، اور ڈائریکٹر جنرل  اینٹی کرپشن پنجاب پر مشتمل ہوگی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو کمیٹی  کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ کنوینر کسی اور ممبر یا ممبران کو کمیٹی میں شامل کرنے کا مجاز ہوگا۔ 

 

کمیٹی گندم /آٹے کے حوالے سے  پیدا ہونے والی صورتحال کی وجوہات، معاملے سے متعلق تمام عوامل کا جائزہ ، مستقبل میں گندم کے ذخائر کا تخمینہ  اور اس کی بنیاد پر گندم کی برآمد یا برآمدات پر پابندی، گندم کے ذخائر کا  وفاقی اور صوبائی سطح پرانتظام،  صوبوں کے مابین کوارڈینیشن اور گندم / آٹے سے متعلقہ دیگرمعاملات کا جائزہ لے گی۔

 

کمیٹی اس امر کی نشاندہی کرے گی کہ  کیااس معاملےکی ذمہ داری کسی فرد، افسر یا ادارے پر عائد ہوتی ہے  اور کیا یہ صورتحال کسی نجی پارٹی کے فائدے کے لئے تو نہیں پیدا کی گئی اور مستقبل میں کیا ایسا  لائحہ عمل اختیار کیا جائے کہ اس طرح کی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو۔   

 

انکوائری رپورٹ پندرہ دنوں کے اندر( 06 فروری 2020 تک) وزیر اعظم کو پیش کی جائے گی۔