وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول اور عام آدمی کو ریلیف پہنچانے کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس

January 16, 2020

اسلام آباد،16جنوری2020:

 

٭ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول اور عام آدمی کو ریلیف پہنچانے کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس

٭ اجلاس میں وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، وزیرِ برائے فوڈ سیکیورٹی مخدوم خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی ندیم افضل چن سابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین شریک

٭ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر موثر کنٹرول اور مہنگائی کے خلاف کم آمدنی والے اور غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ 

٭  وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس بات کا بخوبی اداراک ہے کہ مشکل ترین ملکی معاشی حالات، معیشت کی بہتری کے لئے کی جانے والی اصلاحاتی عمل میں عوام کے لئے اور خصوصاً کم آمدنی والے اور غریب طبقے کے لئے مشکلات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت نے احساس پروگرام کے لئے 190ارب روپے مختص کیے ہیں۔  انہوں نے کہا صحت انصاف کارڈ کے ذریعے  غریب افراد کے خاندانوں کو سات لاکھ بیس ہزار روپے کی انشورنس مہیا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورزکو سات ارب روپے مہیا کیے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اشیا ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے اور انکی قیمتوں پر کنٹرول، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی  کی روک تھام کے لئے تمام ممکنہ انتظامی اقدامات برؤے کار لائے جا رہے ہیں اس ضمن میں وہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ متعدد اجلاس کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے علاوہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے مزید اقدامات کی نشاندہی کی جائے اور اس سلسلے میں ٹائم لائنز پر مبنی واضح لائحہ عمل تشکیل دیا جائے جس میں تمام وزارتوں کی ذمہ داریوں کا تعین کیا جائے۔ 

٭  وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ماہانہ وظیفے میں اضافہ کرنے کی تجویز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ اس پر حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔ 

٭ کسانوں اور خصوصاً چھوٹے کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے وزیرِ اعظم نے مشیر تجارت کو ہدایت کی کہ کھاد کی قیمت میں چار سو روپے تک کمی لانے کے حوالے سے تجاویز اور مطلوبہ اقدامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔ 

٭ وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی واحد ترجیح عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی تمام متعلقہ وزارتیں آئندہ دو روز میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کے ضمن میں اقدامات  پر عمل درآمداور ان کے نتائج پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں