وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام برائے مالی سال 2019-20کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس

December 23, 2019

اسلام آباد،23دسمبر2019:

٭ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام برائے مالی سال 2019-20کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس

٭ اجلاس میں وزیرِ برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے تعلیم شفقت محمود، وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی خسرو بختیار، معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن، سیکرٹری پلاننگ و دیگر سینئر افسران شریک

٭  وزیرِ اعظم کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام برائے مالی سال 2019-20  کی پہلی اور دوسری سہ ماہی کی پیش رفت  پر تفصیلی بریفنگ

٭ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مختلف وزارتوں کی  اب تک کی کاکردگی کی تفصیلی رپورٹ  وزیرِ اعظم کو پیش 

٭  اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے لئے حکومت کی جانب سے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 380نئی اسکیموں کا اجراء کیا گیا۔

٭ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود معاشی استحکام کے حصول کے بعد حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ استحکام کا اگلا مرحلہ معاشی ترقی کی شکل اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ویژن ملک کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے جس کے لئے طویل المدت جامع منصوبہ بندی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ طویل المدت اور جامع منصوبہ بندی کے ضمن میں بین الوزارتی روابط اور کوارڈینیشن کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ 

٭ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ موجودہ حکومت نے مختلف منصوبوں کی منظوری اور منظور شدہ منصوبوں کے لئے فنڈز کے اجراء کے عمل کو سہل بنا دیا ہے تاکہ کوئی منصوبہ فنڈز کی کمی یا تاخیر کی وجہ سے التوا کا شکار نہ ہو۔ 

٭ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منصوبوں پر بر وقت عمل سے ملک میں معاشی عمل کو تیز کرنے اور نوکریوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ اس تناظر میں وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ مختلف منصوبوں پر عمل درآمدکی رفتار پر مسلسل نظر رکھی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی ترقیاتی منصوبہ یا اسکیم  سرخ فیتے یا کسی دیگر وجوہات کی بنا پر کسی قسم کی تاخیر یا التوا کا شکار نہ ہو۔ 

٭ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے ضمن میں حکومتی وسائل  برؤے کار لانے کے ساتھ ساتھ حکومت نجی شعبے کو بھی اس عمل میں شامل کرنا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں حکومت ان کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے