وزیراعظم عمران خان سے کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی کی ملاقات۔

December 20, 2019

 وزیراعظم عمران خان سے کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی کی ملاقات۔

ممبران میں شکور شاد، آفتاب جہانگیر، اکرم چیمہ، عطاء اللہ خان، اسلم خان، فہیم خان اور کیپٹن (ریٹائرڈ ) جمیل احمد خان شامل تھے ۔

ممبران نے وزیراعظم کو کراچی شہر کے مسائل اور اپنے متعلقہ حلقوں میں عوام کو صحت، روزگار  اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی  کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ کراچی میں وفاقی حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت پر بھی گفتگو کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ  کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے۔ کراچی کی ترقی ملک کی ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی  ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کراچی  جیسے بڑے شہر میں عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادارک ہے اور اس سلسلے میں  وفاقی حکومت ہر ممکنہ کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ بہت جلد کراچی کا دورہ کریں گے ۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ معاشی استحکام کے حصول کے بعد حکومت کی بھرپور توجہ عوام کو درپیش مسائل کے حل پر ہے۔ مہنگائی ، روزگار کی فراہمی جیسے امور پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے ضمن میں نجی شعبے اور کاروباری برادری کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی عمل میں تیزی اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کی رفتار تیز ہونے سے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع  میسر آئیں گے۔   

وزیراعظم عمران خان نے منتخب نمائندگان کو  ہدایت کی کہ عوام الناس سے مستقل رابطہ رکھا جائے  تاکہ ان کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں قابل عمل تجاویز پر عمل درآمد ممکن بنایا جاسکے-