پریس ریلز

March 22, 2016

 

آزاد کشمیر کے سابق صدر اور و زیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر سردار سکندر حیات خان نے آج وزیر اعظم نواز شریف سے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات اور پارٹی کے تنظیمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

 

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ انہیں کشمیر اور کشمیری عوام سے خصوصی لگاؤ اور محبت ہے اور وہ جب بھی کشمیر گئے ان کو کشمیر ی عوام نے بے پناہ محبت اور عزت سے نوازا جسے وہ انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ ن کو خدمت کرنے کا موقع دیا تو مسلم لیگ ن کی حکومت آزاد کشمیر میں انفراسٹرکچر ،صحت ،انرجی اور تعلیم جیسے شعبوں میں اصلاحات لا کر آزاد کشمیر کو پاکستان کے ترقی یافتہ شہروں کے برابر لانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور روشن آزاد کشمیر کی بنیاد رکھے گی ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے سردار سکندر حیات خان کے خاندان کی کشمیر کی آزادی کے لئے قربانیوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سردار سکندر حیات خان پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک ممتاز مقام رکھتے ہیں اور مسلم لیگ ن کیلئے ایک اثاثہ ہیں۔

 

سردار سکندر حیات خان نے وزیر اعظم نواز شریف سے کہا کہ کشمیری عوام کا جوش و خروش دیکھ کر وہ کہہ سکتے ہیں کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں واضح اکثریت حاصل کرے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس تدبر اور سیاسی بصیرت کے ساتھ نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا ہے اس پر کشمیر کے عوام نواز شریف کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

 

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ پارلیمانی بورڈ کی مشاورت کے بعد پارٹی ٹکٹ صرف میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر دئیے جائیں گے تا کہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار لوگ آگے آئیں اور کشمیر کی تقدیر بدل دیں۔

ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی اور مسلم لیگ ن AJ & K کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سردار عبدالخالق وصی بھی موجود تھے ۔

 

_________