وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت تھر کوئلے کے ذخائر اور انکے استعمال سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

May 17, 2019

اسلام آباد،17مئی2019:
٭ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت تھر کوئلے کے ذخائر اور انکے استعمال سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس
٭ اجلاس میں وزیرِ توانائی عمر ایوب خان، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ترجمان ندیم افضل چن، معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا، سیکرٹری پاور عرفان علی، سی ای اوحبکو خالد منصور، سی ای او تھل نووا پاور سلیم اللہ میمن، منیجنگ ڈائریکٹر پی پی آئی بی شاہ جہاں مرزا و دیگر شریک
٭ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ تھر کول فیلڈمیں دنیا کا ساتواں بڑا کوئلے کا ذخیرہ پایا جاتا ہے جوکہ ایک اندازے کے مطابق آئندہ دو سو سالوں کے لئے ایک لاکھ میگا واٹ بجلی بنانے کے کام آ سکتا ہے۔ تھر میں کوئلے کے 175ارب ٹن ذخائر پچاس ارب ٹن تیل اور دو ہزار ٹریلین کیوسک فٹ گیس کے برابر توانائی کے حامل ہیں۔ 
٭ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ تھر کول  بلاک ٹو کو برؤے کار لانے کے  پہلے مرحلے پر کام مکمل ہو چکا ہے جب کہ دوسرے مرحلے میں کام جاری ہے۔ ان مختلف مراحل میں تھر کوئلے کو استعمال کرتے ہوئے بجلی کے کارخانے لگائے جا رہے ہیں تاکہ ملک میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے موجود کوئلے کو برؤے کارلایا جائے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ بلاک ٹو سے 2025ء تک پانچ ہزار میگا واٹ بجلی آئندہ پچاس سالوں تک پیدا کی جا سکتی ہے۔ 
٭ وزیرِ اعظم کو سندھ اینگروکول مائننگ کمپنی کی جانب سے تھر میں کان کنی کے منصوبے پر بھی تفصیلی بریفنگ
٭ وزیرِ اعظم کو تھر فاؤنڈیشن کے تحت تعلیم، صحت،  تھر کے مکینوں کو ہنر سکھانے، تھر میں شجر کاری جیسے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھی بریفنگ 
٭  وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھر کوئلہ ملک کا ایک اہم اثاثہ ہے جس کو ماضی میں نظر انداز کیا جاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ تھر کے کوئلے کو برؤے کار لانے سے ملکی توانائی کی ضرورتوں کو پورا کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ مختلف کمپنیوں کی جانب سے ٹرانسپورٹیشن، پانی کی فراہمی اور بجلی کی ترسیلی لائن کے قیام کے سلسلے میں وفاقی حکومت کی  جانب سے معاونت کی درخواست پر وزیرِ اعظم نے کہا  کہ وفاقی حکومت قومی مفاد کے حامل تھر منصوبے کو کامیاب بنانے میں ہر ممکنہ مدد فراہم کرے گی۔