وزیر اعظم عمران خان سے اسلام آباد سمٹ  میں شرکت کرنے والے 25  مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ساٹھ سےزیادہ مندوبین کی وزیر اعظم آ فس میں ملاقات

March 13, 2019


اسلام آباد، 13مارچ 2019:

وزیر اعظم عمران خان سے اسلام آباد سمٹ  میں شرکت کرنے والے 25  مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ساٹھ سےزیادہ مندوبین کی وزیر اعظم آ فس میں ملاقات۔ 

ملاقات میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد ، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمینٹ ہارون شریف، معاونین خصوصی نعیم الحق، افتخار درانی شامل تھے۔ 

وزیر اعظم عمران خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا پاکستان یکسر تبدیل ہو چکا ہے۔ نیا پاکستان ایک پرامن اور ابھرتے ہوئے سماجی اور معاشی مواقعوں سے بھرپور پاکستان ہے۔  

وزیر اعظم نے کہا کہ معروف بین الاقوامی سرمایہ کار آج پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں جو حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور کاروبار کرنے میں آسانیاں اورسہولیات  میں بہتری کا مظہر ہے۔ 

موجودہ حکومت سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو منافع بخش کاروبار کے مواقع فراہم کرنے اور منافع بنانے پر یقین رکھتی ہے ۔ کاروباری برادری کے منافع بنانے سے کاروباری عمل میں تیزی آئے گی جس سے روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔ 

وزیر اعظم نے کہا کہ  مختلف ممالک سے مندوبین کا اسلام آباد سمٹ میں شرکت اور اسلام آباد میں اس کانفرنس کا انعقاد اس بات کا مظہر ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد نہ صرف بحال ہو چکا ہے بلکہ وہ پاکستان کے مختلف سیکٹری میں سرمایہ کاری کے لئے راغب ہو رہے ہیں۔