وزیراعظم عمران خان سے لاہور اور ساہیوال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی کی وزیراعظم آفس میں ملاقات

January 07, 2019

 
اسلام آباد، 7جنوری 2019ء

وزیراعظم عمران خان سے لاہور اور ساہیوال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی کی وزیراعظم آفس میں ملاقات ۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود ، وزیراعظم کے معاون خصو صی برائے سیاسی امورنعیم الحق اور پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل ارشد داد بھی موجود تھے ۔

ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو خارجہ پالیسی کے افق پر مختصر عرصے میں  حاصل ہونے والی کامیابیوں اور ملک کے معاشی استحکام و اقتصادی ترقی کے لیے مخلصانہ کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ ممبران نے اقلیتی برادری  اور نادار طبقےکے حوالے سے  وزیراعظم کے اقدامات ،خاص طورپر کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد ، بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں کے قیام پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے وزیراعظم نے اقلیتی برادری اور محروم طبقے کے دل جیت لیے ہیں ۔ ملاقات میں پارٹی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ممبران نے وزیراعظم کو اپنے حلقے میں عوام کو درپیش بجلی ، گیس ،صحت عامہ اور تعلیم کے مسائل سے آگاہ کیا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ ممبران کے حلقوں میں عوامی مسائل کے حل کے لیے اراکین قومی اسمبلی کی مشاورت سے مسائل کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنایا جائے گا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ممبران قومی اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی جا سکے اور انکو فوری طورپر حل کرنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے ۔ 

ممبران قومی اسمبلی میں اعجاز احمد شاہ ، راحت امان اللہ بھٹی ، ملک کرامت علی کھوکھر،سردارطالب حسن نکئی،  عالیہ حمزہ ملک، صوبیہ کمال خان ، ڈاکٹر نوشین حامد، روبینہ جمیل ، رخسانہ نوید، شونیلہ ر تھ اور رائے محمد مرتضیٰ اقبال شامل تھے۔