دیامیر بھاشا ڈیم فنڈ میں اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ قابلِ تحسین ہے: وزیرِ اعظم

December 31, 2018

 
دیامیر بھاشا ڈیم فنڈ میں اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ قابلِ تحسین ہے: وزیرِ اعظم، سینٹر فیصل جاوید کی وزیرِ اعظم کو ڈیم فنڈ ریزنگ ایونٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ
اسلام آباد، 31دسمبر2018:
 
 وزیر اعظم عمران خان سے دبئی سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیز کے بزنس وفد کی ممتاز مسلم کی سربراہی میں ملاقات 
 
ملاقات میں سینٹر فیصل جاوید بھی موجود تھے۔
 
وفد میں امجد علی خان، ماجد بشیر اور مصطفی قاسام شامل تھے۔
 
  مذکورہ وفد کے ممبران نے دبئی میں سینٹر فیصل جاوید کی جانب سے منعقد ہ ڈیم فنڈ ریزنگ میں نو لاکھ اٹھارہ ہزار پانچ سو دس ڈالر (918510) دیامیر بھاشا ڈیم فنڈ کے لیے عطیہ کیا۔ 
 
وزیر اعظم عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیرِ اعظم پاکستان دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ  کے سلسلے میں منعقدہ فنڈریزنگ ایونٹ میں وفد کے ممبران اور دیگر اوورسیز پاکستانیو ں کی جانب سے فراخدلانہ عطیات اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر کے سلسلے میں اوورسیز پاکستانیو کا جذبہ نہایت حوصلہ افزاء اور قابلِ تحسین ہے۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک میں پانی کے ذخائر کی حفاظت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں اندرون اور بیرون ملک سے جو ریسپانس ملا ہے اس کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ امید کی جا سکتی ہے کہ یہ منصوبے  مقررہ وقت  سے بھی پہلے شروع ہو جائیں گے۔
ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے عملی اقدامات پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ وہ بہت جلد مہمند ڈیم منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ واضح رہے کہ یہ منصوبہ گذشتہ کئی سالوں سے التوا کا شکار رہا ہے۔ 
سینیٹر فیصل جاویدنے وزیرِ اعظم کو ڈیم فنڈ کے لئے مختلف ملکوں میں منعقدہ فنڈ ریزنگ ایونٹس کے حوالے سے بریف کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک دبئی، برسلز، آسٹریا،  فرانس، ڈینمارک، ناروے، گریس، سیٹل، نیو جرسی، شکاگو، واشنگٹن ڈی سی اور ایریزونا میں ڈیم فنڈ کے سلسلے میں فنڈ ریزنگ  ایونٹس کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے ڈیم فنڈ کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کو بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بہت جلد دیگر ممالک میں فنڈ ریزنگ ایونٹس کا اہتمام کیا جائے گا جس میں اووسیز پاکستانیوں کی طرف سے مزید عطیات ڈیم فنڈ میں جمع کرائے جائیں گے۔