وزیراعظم عمران خان سے بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی کی وزیراعظم آفس میں ملاقات

December 19, 2018

 
اسلام آباد،19دسمبر 2018ء 

وزیراعظم عمران خان سے بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی کی وزیراعظم آفس میں ملاقات ۔ ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور جناب نعیم الحق اور قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر بھی موجود تھے ۔

ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کی جنوبی پنجاب میں خصوصی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔ ممبران نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں عوامی مسائل ، ترقیاتی منصوبوں ،کسانوں کو درپیش مسائل ، تعلیم اور صحت کی صورتحال ، پانی کے مسئلے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں گورننس کی ناکامی، میرٹ کی نظر اندازی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے جنوبی پنجاب پسماندگی کا شکار ہوا ۔وزیراعظم نے کہاکہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرے گی ۔ کسانوں کے حقو ق کا تحفظ کیا جائے گا ، تعلیم اور صحت عامہ کی سہولیات یقینی بنائی جائیں گی ، نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے ساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی اور صوبہ بھر میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا ۔ وزیراعظم نے جنوبی پنجاب میں پانی کے مسئلے، خصوصی طور پر عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے مرکزی اورصوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ممبران اپنے حلقوں میں عام آدمی سے مستقل رابطے میں رہیں تاکہ ان کے مسائل فوری طور پر حل ہوسکیں ۔ 

ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کی طرف سے ڈ ویژنل سطح پر ممبران اسمبلی کی کمیٹی کے قیام کا خیر مقدم کیا ۔ کمیٹی ضلعی سطح پر مقامی مسائل کا حل مقامی قیادت کی مشاورت اور عوام کی امنگوں کے مطابق صوبائی حکومت کی نگرانی میں یقینی بنائے گی ۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت نچلی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے کے لیے پر عزم ہے ۔ 
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی غفلت کی وجہ سے آج پاکستان سنگین سماجی و معاشی مشکلات کا شکار ہے۔موجودہ حکومت کی حالیہ کوششوں سے آج بیرونی سرمایہ کار اور معروف غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں ۔ انشااللہ آنے والا وقت سماجی طور پر خوشحال اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان کا وقت ہے ۔ 

ممبران قومی اسمبلی میں جناب محمد عبدالغفار وٹو ، جناب محمد فاروق اعظم خان ، مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی ،
سید مبین احمد اور چوہدری جاوید اقبال شامل تھے ۔