وزیراعظم عمران خان سے فیصل آباد ڈویژن اور گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے ممبران قومی اسمبلی کی وزیراعظم آفس میں ملاقات

December 17, 2018


       وزیراعظم عمران خان سے فیصل آباد ڈویژن اور گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے ممبران قومی اسمبلی کی وزیراعظم آفس میں ملاقات۔ ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق بھی موجود تھے۔ 
      ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل کے حل, ترقیاتی منصوبوں، نوجوانوں اور ہنر مند افراد کے لیے روزگار کی فراہمی، چھوٹے صنعتکاروں کو درپیش مشکلات کے حل، کاشتکاروں کو جائز منافع یقینی بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔ 
       ملاقات میں فیصل آباد شہر اور گوجرانوالہ ڈویژن کے مسائل خصوصی طور پر فیصل آباد میں ہائی کورٹ کے بینچ کے وکلاء کے مطالبے کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔
       موجودہ جمہوری حکومت ایک منظم اور بھرپور عوامی تحریک کے نتیجے میں وجود میں آئی ہے جس کا مقصد عوام کی حقیقی سماجی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ملک کی معاشی ترقی یقینی بنانا ہے۔ اس ضمن میں ممبران پر بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ ان مقاصد کے حصول کو ممکن بنائیں۔وزیراعظم
       وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فیصل آباد صنعتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل شہر ہے۔ ماضی میں شہر کی ترقی اور عوام کے مسائل کو حل کرنے پر کوئی خصوصی توجہ نہیں دی گئی۔ وزیراعظم نے ممبران کو یقین دلایا کہ تمام مسائل کے حل کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کو ممبران سے ملاقات کرکے ان کے حلقوں کے مسائل مقامی قیادت کی مشاورت سے حل کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے گی۔
       وزیراعظم نے ممبران قومی اسمبلی کو فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن میں عوامی فلاح وبہبود اور سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات کیں اور ہائی کورٹ بینچ کے قیام کے لیے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ 
       وزیراعظم نے فیصل آباد ڈویژن سے متعلقہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی 7 رکنی کمیٹی کو ٹاسک سونپ دیا جس کی مشاورت سے عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔ 
       وزیراعظم نے ممبران کو عوام سے مستقل رابطے میں رہنے کی تاکید کی اور وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
ممبران اسمبلی میں چوہدری محمد عاصم نذیر، جناب نواب شیر، جناب رضا نصراللہ گھمن،جناب خرم شہزاد،جناب فرخ حبیب،جناب فیض اللہ، راجہ ریاض احمد، جناب ریاض فتیانہ، صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، جناب محمد امیر سلطان، محترمہ غلام بی بی بھروانہ ،سیدفیض الحسن ، حاجی امتیاز احمد چوہدری ،چوہدری شوکت علی بھٹی ،محترمہ تاشفین صفدرچوہدری اور محترمہ وجہیہ اکرم شامل تھے۔