نگران وزیراعظم جسٹس(ر) ناصرالملک کا این آئی ایچ کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال

August 02, 2018

قومی ادارہ صحت عوام کو صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی میں قابل تعریف کرداراداکررہا ہے
نگران وزیراعظم جسٹس(ر) ناصرالملک کا این آئی ایچ کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال

 

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) نگران وزیراعظم جسٹس(ر) ناصرالملک نے قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے صوبوں کے ساتھ اشتراک کاربڑھانے اورصحت عامہ سے متعلق اموراوربیمایوں بارے عوامی شعور اجاگرکرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے، قومی ادارہ صحت ملک کے عوام کو صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی میں قابل تعریف کرداراداکررہاہے ۔وزیراعظم ان خیالات کاظہار جمعرات کو قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ ) کے دورہ کے موقع پر کیا ، وزیراعظم نے ایک بریفنگ کی صدارت بھی کی، بریفنگ کے دوران وزیراعظم کونیشنل ہیلتھ کیئر میں قومی ادارہ صحت کے کردار، ادرے کے طریقہ ہائے کار اورمستقبل کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز وکوارڈی نیشن کے وفاقی وزیرپروفیسرمحمد یوسف شیخ اوروفاقی سیکرٹری صحت بھی اس موقع پرموجود تھے۔وزیراعظم نے اس موقع پر کہاکہ قومی ادارہ صحت بھرپوراستعدادکاحامل ادارہ ہے اورضرورت اس امر کی ہے کہ اسے مزید ترقی دی جائے تاکہ ملک میں یہ صحت عامہ کے ایک ایسے اہم ترین ادارے کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے سکے جہاں ادارے کی خود تیارکردہ ویکسین ہوں اور یہاں پرتحقیق اورترقی کی سہولیات میسرہوں۔وزیراعظم نے قومی ادارہ صحت کی جانب سے ملک کے صحت عامہ کے پہلے ایکٹ کے مسودے کی تیاری کے اقدام کی تعریف کی اوروزارت صحت کو اس عمل کوتیزکرنے کی ہدایت کی تاکہ آئندہ بننے والی حکومت کو اس ضمن میں ضروری قوانین بنانے میں سہولت ہو۔وزیراعظم نے قومی ادارہ صحت کی خدمات کو سراہا اورکہاکہ یہ ادارہ ملک کے عوام کو صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی میں قابل تعریف کرداراداکررہاہے۔