وزیراعظم نے پاک افغان سرحد فوری کھولنے کے احکامات 

March 20, 2017

وزیراعظم نے پاک افغان سرحد فوری کھولنے کے احکامات جاری کر دیے

وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے پاکستان ۔افغانستان سرحد کو فوری طور پر کھولنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ باوجود اس امر کے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے تانے بانے افغان سر زمین پر موجود پاکستان دشمن عناصر سے جا ملتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان صدیوں کے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رابطے اور تعلق کے پیش نظر، سرحدوں کا زیادہ دیر تک بند رہنا عوامی اور معاشی مفادات کے منافی ہے۔ چنانچہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ خیرسگالی کے جذبے کے تحت یہ سرحدیں فوری کھول دی جائیں۔ہم امید کرتے ہیں کہ جن وجوہات کی بنا پر یہ قدم اٹھایا گیا تھا، اسکے تدارک کے لیے افغانستان حکومت تمام ضروری اقدامات کرے گی۔
 وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ہم نے بارہااس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان میں امن و سلامتی کے لیے افغانستان میں دیرپا امن ناگزیر ہے اور ہم دونوں ممالک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے افغان حکومت سے تعاون کی پالیسیوں پر عملدرامد جاری رکھیں گے۔