محرم الحرام 1438ھ/ 2016ء کے موقع پر وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد نواز شریف کا پیغام ب

بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
 
عاشورہ محرم ہمیں واقعہ کربلا کی یاد دلاتا ہے ۔ کربلا میں حق وصداقت کا علم بلند رکھنے کے لئے امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ نے ظلم و جبر کی اطاعت کرنے کے بجائے شہادت کا راستہ اختیار کیااور دُنیا کو یہ سبق دیا کہ حریت ایک بنیادی حق ہے جو دین اسلام کی تعلیمات کے عین مطابق ہے ۔ حق کی حفاظت کرنا اپنی جان کی حفاطت کرنے سے زیادہ ضروری ہے ۔ یہی وہ پیغام ہے جو نواسہ رسول ؐ کی شہادت سے ہمیں ملتا ہے ۔ تاریخ عالم میں ایسی قربانی اور استقامت کی کوئی مثال موجود نہیں ۔ امام عالی مقام کا یہ پیغام پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے ۔
وطن عزیز پاکستان ایسے ہی اعلیٰ مقاصد کی تکمیل کے لئے حاصل کیا گیا تھا جن کی خاطر خاندانِ رسالت نے بارگاہ حق میں اپنی جانوں کی قربانی پیش کی تھی - آج کے دن ہمیں فروعی،مسلکی،لسانی اور صوبائی اختلافات کو بھلانا ہوگا اور اپنےاندرمساوات،رواداری، نظم و ضبط اور قربانی دینے والے اوصاف کو فروغ دینا ہوگا۔ واقعہ کربلا سے ہمیں یہی سبق ملتا ہے اور اس پر عمل کرنے سے ہم اپنے مسائل حل کرسکتے ہیں ۔ 
آج پاکستان کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور یگانگت کی زیادہ ضرورت ہے  تاکہ کوئی دشمن ہماری طرف آنکھ اٹھا کر نہ دیکھ سکے۔ 
اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو – آمین
 
***