و زیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کا رمضان المبارک 1440ھ 2019ء کے موقع پرقوم کے نام پیغام

 

جناب عمران خان
و زیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان
کا رمضان المبارک 1440ھ 2019ء کے موقع پرقوم کے نام پیغام
  بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
عزیز ہم وطنو!
السلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ،
میں رمضان المبارک کی آمد پر پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمیں اِس ماہِ مبارک کے فضائل اور برکتوں سے مستفید ہونے کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔
روزے کا مقصد تقویٰ کا حصول، تزکیہ نفس اور انسان کو اپنے خالق ِ حقیقی کے حکم کے تابع کرناہے۔رب کریم نے اس بابرکت مہینے کے ذریعے مسلمانوں کی تربیت کا اہتمام فرمایا ہے کہ انسان اپنے خالق کے حکم کی بجا آوری کرتے ہوئے اپنے اندر اتنی قوت اور استقامت پیدا کرلے کہ وہ ہر طرح کے نامساعد حالات اور مشکلات کا باحسن وخوبی سامنا کرسکے۔ ماہ رمضان میں سحر و افطار کے اوقات کی پابندی پنجگانہ نماز وتراویح کی ادائیگی، گفتار و کردار کی پاکیزگی دراصل انسان کو نہ صرف تقوی کی جانب گامزن کرتی ہے بلکہ اس کی زندگی میں نظم و ضبط پیدا کرتی ہے۔
روزہ جہاں غیر معمولی حالات کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنے کی تربیت فراہم کرتاہے وہاں معاشرے میں مثبت سوچ، بھائی چارے  اور باہمی احساس کو پروان چڑھانے میں بھی بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ روزہ ہمیں اپنے ان بھائیوں کی مشکلات کا احساس دلاتا ہے جو اپنی معاشی مجبوریوں کی بنا پر بسا اوقات اپنی بنیادی ضروریات سے بھی محروم رہتے ہیں۔انفرادی اور اجتماعی طور پرپائے جانے والے اس احساس سے ہی معاشرتی بندھن مزید مستحکم  ہوتے ہیں اور سماجی و اخلاقی اعلیٰ اقدار کومزید تقویت ملتی ہے۔ 
حکومت نے ماہ رمضان میں عوام الناس کی سہولت کے پیش نظر تمام اشیاء ضروریہ کی وافر اور مناسب نرخوں پر فراہمی کے لئے خصوصی پیکج کا پہلے ہی اعلان کردیا ہے۔ علاوہ ازیں اس بات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے کہ اس ماہِ مقدس کے دوران منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کا مکمل سدباب کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات اور دقت کا سامنا نہ ہو۔ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ سحر و افطار کے اوقات میں بجلی، گیس اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ روزہ داروں کو سہولت میسر آئے۔وفاقی اور صوبائی سطح پر انتظامی لحاظ سے بھی ہر ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ماہ رمضان میں عوام الناس کی بہتر خدمت کویقینی  بنایاجاسکے۔   
میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس مبارک مہینے کی فیوض و برکات سے مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین
پاکستان پائندہ باد