عمران خان وزیراعظم، اسلامی جمہوریہ پاکستان کاعید میلاد النبی صلى_الله_عليه_وسلم کے موقع پر قوم کے نام پیغام

 
 جناب عمران خان وزیراعظم، اسلامی جمہوریہ پاکستان کاعید میلاد النبی صلى_الله_عليه_وسلم کے موقع پر قوم کے نام پیغام
 
 
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ ط

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ 

میں آج عید میلاد النبی  صلى_الله_عليه_وسلم  کے پرُ مسرت موقع پرتمام اہلیان وطن کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

میرے عزیز ہم وطنو! 

یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس رسول کا امتی بنایا کہ جو رحمتہ العالمین تھے۔ آپ کی ہمہ گیر اور جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لئے قابلِ تقلیدہے۔ آپ صلى_الله_عليه_وسلم  نے ایک ایسی نسل تیار فرمائی جس نے ساری دنیا میں اسلام کے منصفانہ اور عادلانہ قوانین کی دھاک بٹھا دی۔ جب تک یہ نظام بالا دست رہا اقوام عالم کو عدل و انصاف، مساوات، مذہبی رواداری کے وہ مناظر دکھاتا رہا جن کے دیکھنے کی آج نہ معلوم کتنی آنکھیں منتظر ہیں۔رحمتہ العالمین صلى_الله_عليه_وسلم  کے امتی اور ایک ایسی ریاست جو اسلام کے نام پر معرضِ وجود میں آئی کے شہری ہونے کے ناطے ضرورت اس امر کی ہے کہ آج ہم بھی وطن عزیز پاکستان کو ریاست مدینہ کے طرز پر ڈھالنے کی کوشش کریں اسی میں ہم سب کی بقااو ر سربلندی ہے۔ریاست مدینہ انسانی فلاح وبہبود کے حوالہ سے ایک ایسی مثالی ریاست تھی، جس کی اس دنیا میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔موجودہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ ریاستی اُمور کے حوالہ سے اس مثالی ریاست سے بھرپور رہنمائی حاصل کریں جو کہ ہمارے لیے رہنمائی کا سب سے بڑا اور موثر ذریعہ بھی ہے۔تاکہ وطن عزیز بھی ریاست مدینہ کی طرز پرمساوات،عدل وانصاف کی فراہمی اور مذہبی رواداری کا وہ منظر پیش کرے جس کا ہم سب کو انتظار ہے۔
 
میرے عزیز ہم وطنو!

ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا چاہیئے کہ ہم ہر قسم کے مفادات خواہ وہ سیاسی ہوں یا مذہبی ہوں یا پھر معاشرتی ہوں اُن سے بالا تر ہو کر نبی اکرم صلى_الله_عليه_وسلم کے اُسوہ حسنہ کی پیروی کریں گے اور ہم ہر اُس عمل سے اجتناب برتیں گے جس سے دنیا میں اسلام کا امیج یاتاثرپر حرف آئے۔آج میری تمام ہم وطنوں سے یہی درخواست ہے کہ اپنے اندر اتحاد و اتفاق، عفو و درگزر،
برداشت، صلہ رحمی، مذہبی رواداری اور مفاہمتی عمل پر مبنی اوصاف پیدا کریں کیونکہ یہی وہ تعلیمات نبوی صلى_الله_عليه_وسلم  ہیں اور جن کو اپنا کر ہم ہر قسم کے چیلنجزکا مقابلہ کر سکتے ہیں ۔
میری دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں اسوہ نبوی صلى_الله_عليه_وسلم کی روشنی میں اپنے روز و شب بسر کرنے اور سیرت مطہرہ کے پیغام کو عام کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔
 
پاکستان پائندہ باد