وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کاہجری سال نو۱۴۴۰ھ/۲۰۱۸ء کے موقع پر قوم کے نام پیغام


وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان
کاہجری سال نو۱۴۴۰ھ/۲۰۱۸ء کے موقع پر قوم کے نام پیغام

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ ط

میرے عزیز ہم وطنو!

السلام علیکم ورحمۃ اللُّہ و برکاتہ

اسلامی سال کے آغاز کے بابرکت موقع پر میں پاکستانی قوم اور اہلِ اسلام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے بارگاہ ایزدی میں دعا کرتا ہوں کہ یہ سال اُمت مسلمہ کے لیے باعث رحمت ثابت ہو،آمین۔

برادران عزیز !

محرم الحرام کے مہینہ کو اسلام کی آمد سے پہلے بھی نہایت عزت وتوقیر حاصل تھی- اسلام نے اس کی عظمت میں مزیداضافہ کیا - ہجری سال کی ابتدا سرکار دو عالم
حضرت محمدA018; اور ان کے جاں نثار اصحاب کی مکہ سے مدینہ ہجرت سے ہوتی ہے۔جب انہوں نے مخالفین اسلام کے ظلم وستم سے تنگ آکر اللہ تعالیٰ کے حکم سے ہجرت کی یہ عظیم مثال پیش کی جس میں انصار اور مہاجرین کے درمیان مواخات کا بے مثال رشتہ قائم ہوا۔

اس ماہِ مبارک میں رونما ہونے والے اس عظیم واقعہ سے رہنمائی لیتے ہوئے ہمیں جذبہ ایثار و قربانی ، اخوت و بھائی چارہ ، ہمدردی و مذہبی رواداری اور صبروبرداشت کے پرچار اور ان اعلیٰ اقدار پر عمل کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ ہمیں محدود علاقائی ، ذاتی اور نسلی نفرتوں اور بلاوجہ کے تعصبات کو خیر باد کہہ کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنا چاہیئے۔یہی سیدھی راہ ہے ۔

میری اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ وہ ہمیں اپنی پناہ میں رکھے اور پاکستان کو امن ، ترقی و خوشحالی سے ہمکنار فرمائے اور نئے ہجری سال کے اصل پیغام جو کہ ایثار و قربانی پر مبنی ہے ہماری زندگیوں میں شامل فرمائے ۔آمین

پاکستان پائندہ باد