یوم تکبیر28مئی 2018 کے موقع پر وزیراعظم کا پیغام

یوم تکبیر28مئی 2018 کے موقع پر وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب شاہد خاقان عباسی کا پیغام
 
یوم تکبیر ہماری قومی تاریخ کا وہ سنہرا دِن ہے جس دِن پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت کے طورپر اُبھرا۔ یہ وہ دِن ہے جس دِن پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا اور جنوبی ایشیاء میں طاقت کا توازن قائم ہوگیا۔ 
11مئی 1998ء کو بھارتی ایٹمی دھماکوں نے جہاں ہمسایہ ملک کے جارحانہ عزائم کو مکمل طور پر بے نقاب کر دیا وہاں خطے میں طاقت کے توازن اور امن کو بھی شدید دھچکا پہنچا۔وطنِ عزیز کے دفاع اور سلامتی کا تقاضہ تھا کہ تمام تر مصلحتوں اور دباؤ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکی مفاد کے پیش نظر مشکل فیصلے کئے جائیں۔ الحمد للہ یہ شرف مسلم لیگ ن کی محبِ وطن قیادت کو ہی نصیب ہوا کہ جس نے تمام تر یکطرفہ عالمی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر28مئی 1998کو بھارتی دھماکوں کے جواب میں پانچ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنادیا۔  اِس دن ہماری قیادت نے دنیا کو یہ باور کرا دیا کہ وطن کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے اور اسے بیرونی جارحیت سے محفوظ رکھنے کے سلسلے میں کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا 
یوم تکبیر ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ اس دن ہم پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے عہد کی تجدید کریں۔یہ دن اس عہد کی تجدید کا بھی لمحہ ہے کہ ہم ملکی سالمیت اور تعمیر و ترقی کے فیصلوں میں ہمیشہ قومی مفاد کو مد نظر رکھیں۔ مجھے اس بات پر بے حد فخر ہے کہ مسلم لیگ ن کے اس پانچ سالہ دورِ حکومت میں جہاں ملکی سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے وہاں معاشی شعبے میں بھی ملک کوترقی کی راہ پر گامزن کیا گیا ہے۔ ہم نے تعمیر و ترقی کی ایک ایسی مضبوط بنیاد رکھی ہے جس پر مستقبل میں تعمیر ہونے والی عمارت ملک و قوم کو اقوام ِ عالم میں سرخرو کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہوگی۔ مجھے پوری امید ہے کہ اللہ تعالیٰ کی نصرت اور عوام کی تائید سے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنانے اور اسے ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں لانے کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ 
اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی وناصر ہو۔
پاکستان پائند ہ باد