یوم پاکستان 23 مارچ 2018 ء کے موقع پر وزیراعظم کا پیغام

یوم پاکستان 23 مارچ 2018 ء کے موقع پر وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان
شا ہد خاقان عباسی کا پیغام

آج کا دِن 78سال پہلے کے اُس عظیم دِن کی یاد دلاتا ہے جب جنوبی ایشیاکے مسلمانوں نے غلامی کی زنجیریں کاٹنے اور ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کا پرُ عزم فیصلہ کیا تھا ۔ آج ہی کے دِن لاہور کے تاریخی اجلاس میں مسلم لیگ نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں وہ تاریخ ساز قرار داد منظور کی تھی جو بعد میں قرار داد پاکستان کے نام سے مشہور ہوئی ۔ اِس قراراداد نے منزل کا واضح شعور دیا اور صرف 7سال بعد پاکستان وجود میں آگیا ۔ یہ وہ منزل تھی جس کا واضح تصور علامہ اقبال نے 1930ء میں پیش کیا تھا ۔

آج ہم 23مارچ 1940ء کا یادگار دن یوم پاکستان کے طو رپر منا رہے ہیں ۔ ہمیں اپنے ماضی پر گہری نظر ڈالتے ہوئے اپنے حال اور مستقبل کی صورت گری کے لیے غور و فکر کرنا ہوگا ۔ ہمیں اپنی کامرانیوں کے ساتھ ساتھ اپنی کوتاہیوں کا جائزہ بھی لینا ہوگا ۔ پاکستان ایک جمہوری جدو جہد کے ذریعے وجود میں آیا ۔ اس کی بقاء ، سلامتی ، یکجہتی ، ترقی اور خوشحالی کا راز بھی جمہوریت میں پوشیدہ ہے ۔ آئین کی سربلندی اور قانون کی بالا دستی کویقینی بنائے بغیر ہم آبرو مند نہیں ہوسکتے ۔ آیئے ہم پختہ عہد کریں کہ وطن عزیز کی مضبوطی اور سربلندی کے لیے ہم ایک زندہ اور پر عزم قوم کے طو رپر اقبال اور قائد کے افکار کو مشعلِ راہ بنائیں گے ۔

اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو
***